کیپ ٹاؤن،24مارچ(ایجنسی) جنوبی افریقا میں ریاضی کے ایک اسکول ٹیچر نے بچوں کو اس مشکل اور اکتادینے والے مضمون کو پڑھانے کے لیے موسیقی اور ڈانس کا سہارا لیا اور اب بچے ان کے پیریڈ کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔
33 سالہ کرٹ مَنار نامی یہ ٹیچر کیپ ٹاؤن کے اسکول میں پڑھاتے ہیں اور وہ ہپ ہاپ موسیقار اور گلوکار بھی رہ چکے ہیں۔ کرٹ بہت اچھے ڈانسر بھی ہیں اور وہ اپنی اسی صلاحیت کا سہارا لے کر طالب علموں کو ریاضی کے مشکل سوالات گا کر سمجھاتے ہیں اور بچوں نے اعتراف کیا ہے کہ اس طرح وہ بہت جلدی ریاضی کے مسائل سیکھ رہے ہیں ۔
کرٹ کلاس میں بھی اسپیکروں کی مدد سے خود بھی بچوں کے ساتھ پڑھاتے ہوئے ڈانس کرتے ہیں۔ اس
کے علاوہ وہ پیچیدہ سے پیچیدہ ترین مسائل بھی بہت مزے سے حل کرلیتے ہیں کیونکہ کرٹ نے بہت مہارت سے انہیں موسیقی اور ڈانس میں سمودیا ہے۔
کرٹ کے مطابق وہ بہت سے بچوں کی طرح اپنے عہد میں بھی ریاضی کو خشک اور بور مضمون سمجھتے رہے اس لیے انہیں ریاضی کو سمجھنے میں بہت مشکل پیش آتی تھی لیکن ان پر یہ انکشاف ہوا کہ ریاضی کو غلط انداز میں پڑھایا جارہا ہے اسی لیے انہوں نے ریاضی پڑھانے کا روایتی طریقہ چھوڑ دیا اور موسیقی اور ڈانس سے مدد لینا شروع کی۔
اس منفرد ٹیچر نے ضرب سکھانے والا ایک گانا بنایا ہے جس کے بہترین نتائج نکلے ہیں۔ اب وہ مزید گانے بھی بنارہے ہیں۔ کرٹ کے مطابق ریاضی کے پیریڈ میں ان کی جماعت میں بچوں کی 100 فیصد حاضری رہتی ہے اور بچے اب ریاضی سے محبت کرنے لگے ہیں۔